جنگ کی صورت میں ہر شہری کو قربانی دینا پڑ سکتی ہے، برطانوی فوجی سربراہ

لندن (پاک ٹوڈے): برطانوی فوج کے سربراہ جنرل سر رولی واکر نے خبردار کیا ہے کہ دنیا اس وقت سنگین سیکیورٹی خطرات سے دوچار ہے اور برطانیہ کو ممکنہ جنگ کے لیے پہلے سے تیاری کرنا ہوگی۔

ایکسپریس اردو کی رپورٹ کے مطابق جنرل رولی واکر نے شمالی یارکشائر کے کیٹرک گیریژن میں تقریباً 700 فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب برطانیہ جنگ کے امکان کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہتا تھا، تاہم موجودہ عالمی حالات میں خطرات بڑھ گئے ہیں اور دفاعی تیاری دوبارہ قومی ترجیحات میں شامل ہو رہی ہے۔

برطانوی فوجی سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت جلد عوام کے ساتھ ملک کو درپیش خطرات اور دفاعی ضروریات پر کھل کر بات کرے گی۔ ان کے مطابق قومی دفاع اور سیکیورٹی کو ترجیح دینے کے لیے شہریوں کو بعض قربانیاں قبول کرنے کے لیے تیار رہنا پڑ سکتا ہے۔

جنرل رولی واکر نے کہا کہ عوام کو صرف فوج کی حمایت تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ملک کے دفاع اور سیکیورٹی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہونا چاہیے۔

انہوں نے فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر برطانیہ کو جنگ میں اترنا پڑا تو ملک کو انہی فوجیوں کی ضرورت ہوگی۔ ان کے مطابق زمینی جنگ کا سب سے زیادہ بوجھ عموماً نوجوان اور نسبتاً کم تجربہ کار فوجیوں پر پڑتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت دفاعی اخراجات میں نمایاں اضافے کا ہدف پہلے ہی مقرر کر چکی ہے، جس کے لیے قومی ترجیحات اور دیگر شعبوں کے اخراجات سے متعلق مشکل فیصلے بھی کرنا پڑ سکتے ہیں۔

Related posts

مستونگ میں مسافر وین سے 20 زیرِ تربیت پولیس اہلکار اغوا

دیر کالونی اسکول حادثہ: شہداء کے لواحقین میں 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم

آذربائیجان میں حجاب پر تنازع، طالبات کو اسکولوں میں داخلے سے روکنے کی اطلاعات