کابل (پاک ٹوڈے): افغانستان کے صوبہ نورستان میں گرفتار جنرل سمیع سادات کی قیادت میں چلنے والے جبہ متحدہ کے کمانڈر اللہ داد فدائی کی ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وہ متحدہ محاذ کے سربراہ سمیع سادات پر نورستان اور لغمان میں تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور انہیں مسلح کارروائیوں پر آمادہ کرنے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں اللہ داد فدائی کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد وہ پُرامن زندگی گزار رہے تھے۔ ایران جانے کے بعد رابطہ کمیشن کے ذریعے افغانستان واپس آئے تو سمیع سادات نے ان سے رابطہ کیا اور نورستان و لغمان میں تخریبی سرگرمیاں انجام دینے کا منصوبہ پیش کیا۔
فدائی کے مطابق سمیع سادات نے انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی تھی اور کہا تھا کہ وہ خود بھی وہاں ہیں۔
انہوں نے سمیع سادات کے اس مؤقف کو بھی مسترد کیا کہ ان کے درمیان کوئی رابطہ نہیں تھا۔ فدائی کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ اکتوبر میں سمیع سادات کی ہدایات اور فراہم کردہ وسائل کے ذریعے نورستان کے ضلع منڈول پر بڑے حملے اور علاقے پر قبضے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
فدائی نے پاکستان کے ساتھ روابط نہ ہونے سے متعلق سمیع سادات کے بیانات کو بھی مسترد کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ پاکستان کی براہِ راست حمایت سے سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں۔
ویڈیو میں اللہ داد فدائی نے سابق فوجیوں اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مختلف محاذوں اور گروہوں کے وعدوں پر بھروسا نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان گروہوں کے رہنما بیرون ملک آرام دہ زندگی گزارتے ہیں، جبکہ مقامی نوجوانوں کو افغان حکومت کے خلاف بغاوت اور لڑائی پر اکساتے ہیں۔
