مردان (پاک ٹوڈے): تھانہ تخت بھائی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولیس وردی میں ملبوس شخص کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ تخت بھائی انسپکٹر پرویز خان اور اے ایس آئی جہانگیر خان نے پولیس نفری کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر ٹکر چوک میں کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران جعلی ڈی ایس پی کی وردی پہنے محمد فاضل ولد ہمایون سکنہ ڈگر بونیر اور اس کے ساتھی ڈرائیور اعجاز علی ولد عبدالغفار سکنہ نوشہرہ کلاں کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے XLI موٹر کار بھی تحویل میں لے لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان اس سے قبل بھی مختلف تھانوں میں نوسربازی اور دھوکہ دہی سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب رہے ہیں۔
تخت بھائی پولیس نے ملزمان کے خلاف دفعات 419، 420، 170، 171 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔