پشاور (پاک ٹو ڈے): خیبر ایجنسی کے سرحدی علاقے لنڈی کوتل میں تاجر محمد ظریف شنواری کی عدم بازیابی کے خلاف تاجر برادری اور لواحقین کا احتجاجی دھرنا جاری ہے، جس کے باعث پاک افغان شاہراہ طورخم ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔
مقامی تاجروں اور اہلخانہ نے طورخم بائی پاس پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک معطل کر دی ہے۔ دھرنے میں شریک مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک مغوی تاجر کو محفوظ طریقے سے بازیافت نہیں کرایا جاتا، شاہراہ کو کھولا جائے گا اور نہ ہی احتجاج ختم ہوگا۔ شاہراہ کی بندش کے باعث سرحدی تجارت سمیت افغان پناہ گزینوں کی واپس اپنے وطن منتقل ہونے کا عمل شدید متاثر ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ اسلحہ کی تجارت سے منسلک تاجر محمد ظریف شنواری کو تقریباً ایک ماہ قبل نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اغوا کر لیا تھا۔ مقامی تاجر برادری کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ تاجر سیکیورٹی اداروں کی تحویل میں ہیں، تاہم مقامی پولیس انتظامیہ کی جانب سے اس موقف کی باقاعدہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔