پشاور (پاک ٹو ڈے): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک نرگسائی میں ہونے والے مبینہ ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کو علاقے میں امن و امان کی فضا خراب کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ حملے کے نتیجے میں دو معصوم بچے شدید زخمی ہوئے ہیں۔
پاک ٹو ڈے کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی نے واقعے میں بچوں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ عام شہریوں، بالخصوص بچوں کو ہدف بنانا کسی طور بھی قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اب مزید بدامنی، خونریزی اور بے گناہ شہریوں کے جانی نقصان کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
محمد سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت اور سیکیورٹی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ شہریوں کی تحفظ کی آئینی ذمہ داری پوری کریں اور اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنائیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور صحت کے حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ زخمی بچوں کو بلا تاخیر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو واقعے کی شفاف اور جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔