پشاور(پاک ٹو ڈے): خیبرپختونخوا حکومت نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو آسان سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مفت الیکٹرک اسکوٹیز دینے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی حکام کو خواتین کو الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں پشاور کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں اس پروگرام کی توسیع صوبے کے دیگر اضلاع تک کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے خواتین کو تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں سفر کی محفوظ، بااعتماد اور آسان سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے صوبے میں فضائی آلودگی کم کرنے اور ماحول کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔