لندن/بیجنگ (پاک ٹوڈے): الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں ایک تاریخ ساز پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں چینی آٹو میکر کمپنی بی وائے ڈی (BYD) نے میگا واٹ لیول کی جدید فلیش چارجنگ ٹیکنالوجی اور سیکنڈ جنریشن بلیڈ بیٹری متعارف کرا دی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے کسی بھی الیکٹرک گاڑی کی بیٹری محض 9 منٹ کے قلیل وقت میں 10 سے 97 فیصد تک چارج کی جا سکے گی، جبکہ صرف 5 منٹ کی چارجنگ پر بیٹری 70 فیصد تک چارج ہو جاتی ہے۔
کمپنی کا یہ نیا فلیش چارجر ایک ہی گاڑی منسلک ہونے پر 1,500 کلو واٹ تک کی غیر معمولی بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو کہ ٹیسلا کے V3 اور V4 سپر چارجرز کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ تیز ہے۔ یہ نظام منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ کے انتہائی شدید سرد موسم میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے اور بیٹری کو محض 12 منٹ میں 20 سے 97 فیصد تک چارج کر دیتا ہے۔ بی وائے ڈی اگلے 12 ماہ کے دوران برطانیہ میں 300 جدید فلیش چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جہاں ان کی اپنی گاڑیوں کے صارفین کو رعایتی نرخ فراہم کیے جائیں گے۔ ماہرین کے مطابق چارجنگ کے وقت میں یہ ڈرامائی کمی الیکٹرک گاڑیوں کے عالمی فروغ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ کو دور کر دے گی۔