اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سیاسی اور اٹل فیصلہ ہے اور یہ پی ٹی آئی کا جمہوری حق ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ پرامن ہوگا اور کسی پر چڑھائی نہیں کی جائے گی۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے گزشتہ روز ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا تاہم آج ملاقات کا امکان نہیں۔ خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے امکان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی نہیں لگنی چاہیے اور نہ ہی صوبے میں ایسی کوئی صورتحال موجود ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی تبدیلی سے متعلق بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ رہیں گے، ایم پی ایز وزیراعلیٰ بننے کے لیے اپنی سی وی جیب میں رکھیں۔ شوکت یوسفزئی کی جانب سے بھیجے گئے خط پر انہوں نے کہا کہ شوکت یوسفزئی نے واٹس ایپ پر خط بھیجا تھا، یہ ان دونوں کے درمیان معاملہ ہے، پارٹی کو ان سے کوئی ناراضگی نہیں اور وہ اب بھی صوبائی سیکرٹری اطلاعات ہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی ایک جمہوری پارٹی ہے اور ایسے خطوط آتے رہتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کی ملاقات ضرور ہونی چاہیے۔ ملاقات میں ان کی موجودگی کا فیصلہ محمود خان اچکزئی پر منحصر ہوگا، جبکہ رانا ثناء اللہ نے بھی اس ملاقات میں ان کی موجودگی کی بات کی ہے۔