پشاور (پاک ٹوڈے): تھانہ آغہ میر جانی شاہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں اپنے مخصوص گاہکوں کو آئس اور نشہ آور گولیاں سپلائی کرنے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے آئس اور ایچ ٹی سی گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی ہدایت پر منشیات فروشوں، سٹریٹ کرائمز اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
گرفتار ملزمان میں ریاض خان ولد عبد اللہ اور کاشف ولد جمیل شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان وزیر باغ روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں مخصوص گاہکوں کو منشیات فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔
کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے ہزاروں روپے مالیت کی آئس اور نشہ آور گولیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔