لندن (پاک ٹوڈے): برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ برطانوی حکومت کو عمران خان کی رہائی کے لیے اپنا سفارتی اور سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرنا چاہیے۔
بورس جانسن نے برطانوی اخبار ڈیلی میل میں شائع ہونے والے اپنے کالم میں عمران خان کی قید سے متعلق مختلف دعوے کیے اور ان کی رہائی کے لیے برطانیہ کی جانب سے کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
سابق برطانوی وزیراعظم نے اپنے کالم میں دعویٰ کیا کہ 73 سالہ عمران خان کو کئی کئی دن تک تنہائی میں رکھا جاتا ہے اور انہیں مناسب ورزش کی سہولت بھی میسر نہیں۔
بورس جانسن کے مطابق عمران خان جس کمرے میں موجود ہیں، اس کا سائز تقریباً 6 بائی 8 فٹ ہے اور اسی جگہ بیت الخلا بھی موجود ہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ عمران خان کی مبینہ کوٹھڑی میں کھڑکی نہیں ہے اور بعض اوقات روشنیاں بھی بند کردی جاتی ہیں، جس کے باعث انہیں اندھیرے میں رہنا پڑتا ہے۔
بورس جانسن نے اپنے کالم میں برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔