حمید سمسور
بلوچستان میں 12 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین نے کہا ہے کہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، معیشت کو مضبوط بنانے اور انہیں خوش حال زندگی گزارنے کے قابل بنانے کے لیے تجارتی مقاصد کے تحت سرحدی گزرگاہیں دوبارہ کھولنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
بدھ کے روز تربت میں ایک کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلحہ کلچر کے خاتمے اور بلوچستان کو امن، ترقی اور خوش حالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج بلوچستان میں امن، استحکام اور عوامی بہبود کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
تقریب میں کیچ، تمپ اور پنجگور اضلاع کے قبائلی عمائدین، سماجی رہنماؤں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کے علاوہ فرنٹیئر کور (جنوبی بلوچستان) کے آئی جی میجر جنرل ظفر اقبال، بلوچستان پولیس کے سربراہ محمد طاہر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
جنرل عنایت حسین نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا، جب کہ سیکیورٹی چیلنجز سے دوچار علاقوں میں بھی ترقیاتی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
پاکستان کے معاشی استحکام اور تجارت کے فروغ کے لیے امن و امان کتنا ضروری ہے؟
سینئر تجزیہ کار رضا الرحمن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحدی تجارت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
ان کے مطابق عسکری حکام بھی اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ معاشی استحکام کے لیے امن و امان بنیادی شرط ہے، جس کے لیے عوامی تعاون بھی ضروری ہے۔
کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کا تربت میں کھلی کچہری سے خطاب، اسلحہ کلچر کے خاتمے، بلوچستان کو امن، ترقی اور خوش حالی کی راہ پر گامزن کرنے، تجارتی مقاصد کے لیے سرحدیں دوبارہ کھولنے، مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معیشت کو مضبوط بنانے کی بات، عوامی مسائل اور ضروریات کو سمجھنے کی عکاسی کرتی ہے۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچستان میں پیش آنے والے عسکریت پسندی اور تشدد کے واقعات کے خاتمے کے لیے طاقت کے استعمال کے ساتھ ساتھ عوام سے بات چیت، ان کے مسائل کا ادراک اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات بھی ضروری ہیں۔ یہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے، جسے امن و امان کی بہتری اور معاشی استحکام کی جانب اہم قدم قرار دیا جا سکتا ہے۔
رخشان اور مکران ڈویژن کے علاوہ تربت، کیچ، تمپ، پنجگور، چاغی اور خاران وہ علاقے ہیں جو ایران کے ساتھ سرحد پر واقع ہیں۔ ان علاقوں میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، جب کہ سرحدی گزرگاہوں کی بندش نے مقامی معیشت کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔
تاجر برادری کا خیر مقدم
انجینئر دارو خان اچکزئی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور تاجر رہنما ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندی اور تشدد کے واقعات کے باعث پاکستان کی پڑوسی ممالک، خصوصاً افغانستان اور ایران، کے ساتھ تجارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عسکری قیادت کے اس بیان کو سراہتے ہیں، جس میں بلوچستان کی ترقی، امن کے قیام، تجارتی راستوں کی بحالی اور سرحدی تجارت دوبارہ شروع کرنے کی بات کی گئی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ بلوچستان میں تجارتی سرگرمیاں بحال ہوتے ہی امن و امان کی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بدامنی کے باعث اکتوبر 2025 سے تمام تجارتی راستے بند ہونے کے نتیجے میں تجارت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
سرحدوں کی بندش سے کتنا نقصان ہوا؟
وفاقی وزارت تجارت کی دستاویز کے مطابق افغانستان کے ساتھ تنازع کے نتیجے میں گزشتہ 13 ماہ کے دوران پاکستان کی برآمدات میں ایک ارب 38 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی، جب کہ ٹرانزٹ آمدن میں 20 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
دستاویزات کے مطابق افغانستان نے تجارت اور ٹرانزٹ کے لیے پاکستان کے بجائے ایران اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے راستوں کا انتخاب کیا ہے۔
ایران اور پاکستان کے درمیان سرحدی تجارت کی صورتحال
کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے تاجروں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت انتہائی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ پابندیوں اور سرحدی بندش کے باعث سینکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔
ان کے مطابق ایران سے روزانہ 70 گاڑیوں کو آنے کی اجازت دی جا رہی ہے، جن میں زیادہ تر ایل پی جی لے کر آتی ہیں۔ سرحد کی بندش کے باعث ایل پی جی کی قیمت 480 روپے سے بڑھ کر 640 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان سالانہ 10 ارب ڈالر کی تجارت کا ہدف طے ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم ایک ارب سے 3 ارب ڈالر کے درمیان ہے۔