حمید سمسور، کوئٹہ، پاک ٹوڈے
مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب مسافر کوچ اور ایل پی جی ٹینکر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہو گئی، جب کہ 27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حادثہ کہاں اور کیسے پیش آیا؟
مکران کوسٹل ہائی وے پولیس کے مطابق حادثہ اورماڑہ کے علاقے میں تاجی سی ایچ پی پوسٹ کے قریب پیش آیا۔
مکران کوسٹل ہائی وے پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمد اسلم بنگلزئی کے مطابق کراچی سے 250 بارڈر کی جانب جانے والا ایل پی جی ٹینکر تربت سے کراچی جانے والی آزاد دشت مسافر کوچ سے ٹکرا گیا۔
حکام کے مطابق تصادم کے وقت ایل پی جی ٹینکر سڑک کی مخالف سمت میں جا رہا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں فوری طور پر آگ بھڑک اٹھی۔
جاں بحق اور زخمیوں کی تفصیلات
پولیس کے مطابق آزاد دشت مسافر کوچ میں مجموعی طور پر 46 مسافر سوار تھے۔
حادثے میں کوچ کے 10 مسافر جاں بحق ہوئے، جن میں 7 مرد اور 3 بچے شامل ہیں، جب کہ ایل پی جی ٹینکر کے عملے کے 2 ارکان، ڈرائیور اور اس کا معاون بھی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے میں 27 مسافر زخمی ہوئے، جن میں 14 مرد، 9 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں، جب کہ کوچ میں سوار 9 مسافر محفوظ رہے۔
زخمیوں کو کہاں منتقل کیا گیا؟
حادثے کے فوراً بعد ہنگامی امدادی ٹیمیں اور کوسٹل ہائی وے پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں آگ بجھانے اور متاثرین کو گاڑیوں سے نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔
زخمیوں میں سے 20 افراد، جن میں 15 مرد، 4 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں، کو اورماڑہ کے درمانجاہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
دیگر 7 زخمیوں کو علاج کے لیے پسنی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
شدید آگ اور گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کے باعث مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک کی آمدورفت کئی گھنٹوں تک عارضی طور پر معطل رہی، تاکہ امدادی کارروائیاں مکمل کرنے اور ملبہ ہٹانے کا کام کیا جا سکے۔
ٹریفک حادثات کے اسباب کیا ہیں؟
1۔ تیز رفتاری اور غلط اوورٹیکنگ:
مسافر کوچز اور مال بردار گاڑیوں کی حد سے زیادہ رفتار اور لاپرواہی سے اوورٹیکنگ اکثر جان لیوا حادثات کا سبب بنتی ہے۔
2۔ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کا فقدان:
طویل سفر کے دوران ڈرائیوروں کی تھکاوٹ، گاڑیوں کی فٹنس کی جانچ نہ ہونا اور گیس باؤزرز سمیت پٹرول اور ڈیزل لے جانے والی گاڑیوں میں حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی بھی حادثات کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔
5 سال میں 77 ہزار سے زائد حادثات، 1743 اموات
میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر (MERC 1122) بلوچستان کی اکتوبر 2019 سے ستمبر 2025 تک کی پانچ سالہ رپورٹ کے مطابق صوبے کی قومی شاہراہوں پر مجموعی طور پر 77 ہزار 826 ٹریفک حادثات ریکارڈ کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ان حادثات کے نتیجے میں ایک ہزار 743 افراد جاں بحق، جب کہ ایک لاکھ 3 ہزار 902 افراد زخمی ہوئے۔
