بلاول بھٹو کی اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت، کہا بات چیت کے لیے آج بھی تیار ہیں

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور صوبے کی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دے دی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی خودکش حملہ کیا ہے اور صوبے کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ایمرجنسی نافذ کرنے سے پہلے اپوزیشن سے بات چیت کی اور خیبرپختونخوا کے معاملے کا سیاسی حل نکالنے کی کوشش کی، تاہم اپوزیشن نے ایمرجنسی کے نفاذ کو روکنے کے لیے کوئی وجہ پیش نہیں کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنانے کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا۔ دہشت گردی اور قومی مفاد کے معاملات کو سیاست سے الگ رکھنا ضروری ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج بھی اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف حکومت کا نہیں بلکہ اپوزیشن اور پی ٹی آئی کا بھی ملک ہے، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی مستقل طور پر جاری نہیں رکھی جا سکتی۔ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کی صورتحال میں بھارت کے کردار اور پاکستان کی اندرونی سیاست میں بیرونی مداخلت کے خدشات کا بھی اظہار کیا۔

Related posts

کابل: افغانستان کی انسانی صورتحال پر او آئی سی، یوناما اور یونیسف حکام کی ملاقات

ضلع خیبر: گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف احتجاج پر پی ٹی آئی کے 16 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج

قلعہ سیف اللہ میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے خلاف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی ریلی