باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 مسلح افراد ہلاک

باڑہ (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ان کے ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔

صدر آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مؤثر حکمت عملی کے ذریعے مسلح عناصر کے عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کے قیام کے لیے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور قوم سیکیورٹی فورسز کی جرات و بہادری پر فخر کرتی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی ہر کوشش ناکام بنانے کی صلاحیت اور عزم موجود ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلح عناصر کے عزائم ناکام بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Related posts

کے پی میں حملوں میں 34 فیصد اضافہ، سی ٹی ڈی کے پاس صرف 9 ایم فور رائفلز ہیں، اختیار ولی

4 اکتوبر کو تاریخ کا بڑا لانگ مارچ ہوگا، کوئی طاقت ہمیں پیچھے نہیں ہٹا سکتی، سہیل آفریدی

بنوں: تلگی میں مشترکہ آپریشن، 8 مشتبہ افراد گرفتار