اسلام آباد (پاک ٹوڈے): خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو قانونی ترامیم مکمل کرنے کے لیے مزید 3 ہفتوں کی مہلت دے دی اور صوبائی وزیر بلدیات کو 20 اکتوبر کو طلب کرلیا۔
سماعت کے دوران سیکرٹری بلدیات اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ صوبائی قائمہ کمیٹی قانونی ترامیم پر کام کر رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکرٹری نے مؤقف اختیار کیا کہ بظاہر صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کرانے میں دلچسپی نہیں رکھتی، کیونکہ پہلے دی گئی مہلت کے دوران بھی مطلوبہ قانونی ترامیم مکمل نہیں کی جاسکیں۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ صورتحال میں صوبے کے امن و امان کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید 3 ہفتوں کی مہلت دی جائے۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر بلدیات کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
الیکشن کمیشن اس سے قبل بھی خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورت کرچکا ہے اور قانونی ترامیم کے باعث انتخابی عمل میں تاخیر کا معاملہ سامنے آتا رہا ہے۔