بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے لاتعلقی، بیرسٹر گوہر نے عدالت سے مہلت مانگ لی

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کو بند کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کو تحریری جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی۔ سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی مذکورہ اکاؤنٹ کی ملکیت تسلیم نہیں کرتی۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے غلام مرتضیٰ کی درخواست پر سماعت کی، جس میں بیرسٹر گوہر ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوئے۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکلا خالد یوسف چوہدری اور شمسہ کیانی سمیت این سی سی آئی اے کے حکام بھی موجود تھے۔

دورانِ سماعت عدالت نے بیرسٹر گوہر سے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر طلب نہیں کیا گیا تھا بلکہ تحریری جواب بھی جمع کرایا جا سکتا تھا۔ اس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا کہ حالات تبدیل ہو چکے ہیں، اس لیے جواب تیار کرنے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔ عدالت نے مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اپنا مؤقف تحریری طور پر جمع کرایا جائے، جس پر بیرسٹر گوہر نے مزید وقت کی استدعا کی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے بعد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے متعلق کیس میں آئندہ سماعت پر جواب دائر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض مشتبہ اکاؤنٹس کے ساتھ پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک ایسے اقدامات غیر قانونی اور جمہوری اصولوں کے منافی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ان اقدامات سے سیاسی جماعت کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق 11 اکتوبر کے بعد سے پارٹی کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ساتھ رابطہ نہیں رہا، جبکہ ارکانِ صوبائی اسمبلی اور اسپیکر کے ساتھ بھی رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی مذاکرات کی دعوت سے متعلق سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ محض دعووں اور غیر مؤثر مذاکرات سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان بات چیت جاری رہنے کے باوجود مذاکرات کا عمل کس نے ختم کیا اور فریقین کو میز سے اٹھنے کے لیے کس نے کہا۔

Related posts

وزیراعظم شہباز شریف کی محمود اچکزئی سے ملاقات، سیاسی و آئینی امور پر مذاکرات کی دعوت

افغانستان: ننگرہار میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی

مظفرگڑھ میں شوہر کی ہلاکت، زہریلا مشروب پلانے کا الزام، بیوی زیر حراست