باجوڑ (پاک ٹوڈے): تحصیل ماموند کے علاقے گبری میرالی بابا بانڈہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک چرواہا جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نواب ولد سید جان کے نام سے ہوئی ہے، جو میرالی بابا بانڈہ کا رہائشی تھا۔ واقعے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔
ڈی ایس پی نیاز خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے، جس کی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور فائرنگ کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے، جبکہ مزید پیش رفت سے متعلق تفصیلات بعد میں سامنے آئیں گی۔