اے آئی کی دنیا میں بڑی پیشرفت: کلاؤڈ اے آئی اب آپ کے بینک اکاؤنٹس کا تجزیہ کرے گا؟ اینتھروپک کے نئے فیچر کی خبریں سامنے آ گئیں۔

سان فرانسسکو (پاک ٹوڈے): آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’اینتھروپک‘ سے متعلق ایک اہم لیک سامنے آئی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کمپنی اپنے اے آئی اسسٹنٹ کو صارفین کے بینک اکاؤنٹس تک براہِ راست رسائی دینے کے ایک جدید فیچر پر کام کر رہی ہے۔

​لیک ہونے والے اسکرین شاٹس اور ابتدائی معلومات کے مطابق، اینتھروپک اپنی مشہور کلاوڈ ایپ کے ایک نئے ورژن کی آزمائش کر رہی ہے۔ اس پیشرفت کا سب سے پہلے انکشاف سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ٹیکنالوجی کے نئے فیچرز کی نشاندہی کرنے والے اکاؤنٹ ’ٹیسٹنگ کیٹلاگ‘ نے کیا۔

​رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر iOS پر کلاوڈ ایپ کے سائیڈ بار میں ’چیٹ‘ کے بالکل نیچے دیکھا گیا ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین کو اپنے بینک اکاؤنٹس کو کلاوڈ ایپ سے منسلک کرنے کا اختیار دیا جائے گا، جس کے بعد اے آئی اسسٹنٹ اخراجات کا تجزیہ، ذاتی مالیاتی منصوبہ بندی اور روزمرہ کے مالی امور سے متعلق سوالات کے براہِ راست جوابات فراہم کر سکے گا۔

​ایپ میں اس فیچر کی تفصیلات کے مطابق صارفین کو یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے کہ وہ کلاوڈ کے ذریعے اپنے مالیاتی ڈاٹا کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور بجٹ سازی کو آسان بنا سکیں۔

​فی الوقت اینتھروپک کی جانب سے اس فیچر کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی یہ واضح ہو سکا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کن بینکوں کو اس سے منسلک کیا جا سکے گا۔ تاہم، ٹیکنالوجی ماہرین کا ماننا ہے کہ آزمائشی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اسے سب سے پہلے امریکی مارکیٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

Related posts

وفاقی حکومت کا بڑا قدم، بیرون ملک سفارتی مشنز اور سرکاری ڈیٹا کی سیکیورٹی ترجیح اول قرار

چین اور ایران کا جاسوسی کے لیے اے آئی استعمال، اینتھروپک کا انکشاف

نئے ماڈلز کی آمد کے ساتھ پرانے آئی فونز بھی 100 ڈالر تک مہنگے