ایم ٹی آنر 25 کے باقی 3 پاکستانی عملے کے ارکان بدھ کو وطن واپس پہنچیں گے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (پاک ٹوڈے): نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئل ٹینکر ایم ٹی آنر 25 کے باقی ماندہ تین پاکستانی عملے کے ارکان بدھ 7 اکتوبر کو پاکستان واپس پہنچیں گے۔

ایم ٹی آنر 25 کو رواں سال اپریل میں صومالیہ کے ساحل کے قریب صومالی قزاقوں نے اغوا کیا تھا۔ پلاؤ کے پرچم والے آئل ٹینکر پر 19 افراد سوار تھے، جن میں 10 پاکستانی شہری بھی شامل تھے۔

صومالیہ کے نیم خودمختار علاقے پنٹ لینڈ کی میری ٹائم پولیس فورس نے گزشتہ ہفتے جہاز کو بازیاب کرانے کی اطلاع دی تھی۔ دفتر خارجہ کے مطابق بازیابی کی کارروائی کے دوران 3 پاکستانی جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے۔

جاں بحق پاکستانیوں کی شناخت رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری کے ناموں سے کی گئی۔ کارروائی میں زخمی ہونے والے 4 پاکستانی اتوار کو جاں بحق افراد کی میتوں کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے تھے۔

اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ باقی 3 پاکستانی عملے کے ارکان عمران علی، محمد یاسین اور سید حسین یوسف کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق تینوں کو جبوتی میں پاکستانی سفارت خانے کی ٹیم کے ہمراہ ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا منتقل کیا گیا ہے۔

نائب وزیرِ خارجہ کے مطابق تینوں پاکستانیوں کو عدیس ابابا میں وصول کیا جائے گا، جہاں سے وہ ایتھوپین ایئرلائنز کی پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے کراچی روانہ ہوں گے۔ ان کی پاکستان آمد 7 اکتوبر بدھ کو متوقع ہے۔

Related posts

ٹانک کی محسود مارکیٹ میں فائرنگ، امن کمیٹی کا رکن مارا گیا، ایک شخص زخمی

کرک روانگی سے قبل لانگ مارچ کے شرکاء کی عمران خان کے حق میں اجتماعی دعا

صوابی میں انسانیت سوز واقعہ، دو بہنوں کے اغوا اور نازیبا ویڈیوز بنانے کے الزام میں پولیس اہلکار کے خلاف مقدمہ درج