پشاور (پاک ٹوڈے): ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے، پہاڑی علاقوں میں گیس کی قیمت 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی جبکہ گھریلو سلنڈر 7200 روپے میں فروخت ہونے لگا۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایل پی جی 500 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ گھریلو سلنڈر کی قیمت 6 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
عرفان کھوکھر کے مطابق اوگرا نے اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 279 روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر کی قیمت 3350 روپے مقرر کر رکھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں فروخت ہونے والی قیمتیں مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ ہیں اور اوگرا اس صورتحال پر خاموش ہے۔
