واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکا نے ایران کے قریب اپنی فوجی موجودگی بڑھانے کے لیے مشرق وسطیٰ میں مزید بحری اور زمینی افواج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ طیارہ بردار بحری بیڑے کا اسٹرائیک گروپ اتوار کو سان ڈیاگو سے مشرق وسطیٰ کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔
حکام کے مطابق 2 ہزار سے زائد میرینز پر مشتمل میکن آئی لینڈ میرین ایکسپیڈیشنری یونٹ بھی خطے کی جانب روانہ کیا گیا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ نومبر کے اختتام تک ایران کے گرد 3 امریکی طیارہ بردار بحری بیڑے اور 2 ایمفی بیئس لینڈنگ گروپس موجود ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں پہلے سے موجود تقریباً 50 ہزار امریکی فوجیوں کے علاوہ مزید ہزاروں اہلکار اور ایف 35 لڑاکا طیارے بھی خطے میں تعینات کیے جارہے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق نئی تعیناتی کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے مختلف فوجی آپشنز برقرار رکھنا ہے۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کا کہنا ہے کہ صدر کے حکم پر نئی کارروائی کے لیے امریکی فورسز تیار ہیں۔