تہران (پاک ٹوڈے): ایران کے دو اعلیٰ عہدیداروں محسن رضائی اور محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر کے پیغام رساں اور پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران واضح کیا ہے کہ تہران اپنے مطالبات پورے ہونے تک امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہوگا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور امریکا کے ساتھ مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے امریکا کے سابقہ اقدامات اور اسلام آباد مفاہمت کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی دھمکیاں اور فوجی سرگرمیاں ایران کے اسٹریٹجک فیصلوں کو تبدیل نہیں کر سکتیں۔
دوسری جانب محسن رضائی نے کہا کہ ایران کا کوئی بھی افزودہ جوہری مواد ملک سے باہر منتقل نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ مواد ایرانی عوام کا قومی اثاثہ ہے۔
یہ ملاقاتیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی اور مذاکرات کی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں ایران کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی حکام سے ملاقاتیں اور گفتگو کی۔