بلوچستان: شورپارود میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع، شہریوں کو 30 اکتوبر تک انخلا کی مہلت

کوئٹہ (پاک ٹوڈے): بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے شورپارود میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ حکام نے علاقے میں آباد تقریباً 5 ہزار خاندانوں کو 30 اکتوبر تک رضاکارانہ طور پر نقل مکانی کرنے کی مہلت دے دی ہے۔ حکام کے مطابق ان خاندانوں کی مجموعی آبادی تقریباً 30 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کی منتقلی کی منظوری وزیر اعلیٰ نے دے دی ہے، جبکہ کمشنر خضدار کو آپریشن کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق شہریوں کو محفوظ مقامات اور کیمپوں تک پہنچانے کے لیے گاڑیاں اور اخراجات فراہم کیے جائیں گے۔ مقررہ تاریخ کے بعد زبردستی انخلا کا عمل شروع کیا جائے گا۔

یہ اعلان منگل کو کوئٹہ کے سول سیکریٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس سے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو، حمزہ شفقات اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے میڈیا شاہد رند نے خطاب کیا۔

حکام کے مطابق رواں سال اب تک شدت پسندی کے خاتمے کے لیے 50 ہزار سے زائد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز اور دیگر کارروائیاں کی گئی ہیں، جن میں 1,100 شدت پسند مارے گئے۔ حکام نے بتایا کہ ان کارروائیوں اور امن و امان کی صورتحال کے دوران سکیورٹی فورسز کے 315 اہلکار اور 551 عام شہری بھی جان سے گئے۔

شاہراہوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے فرنٹیئر کور کی نئی ڈویژن قائم کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق کوئٹہ اور لورالائی کے درمیان 32 مشترکہ چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں، جبکہ کوئٹہ۔تفتان اور کوئٹہ۔کراچی شاہراہوں پر بھی سکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام کو توقع ہے کہ آئندہ تین سے چار ماہ میں ان شاہراہوں پر صورتحال بہتر ہو گی۔

حمزہ شفقات کے مطابق شدت پسندی کے خاتمے کے لیے 18 نئے قوانین اور 17 محکمے قائم کیے گئے ہیں، جبکہ اس مقصد کے لیے 45 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیریڈیکلائزیشن مراکز میں 90 افراد زیرِ حراست ہیں، 1,400 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے اور 3,000 خاندانوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر شدت پسندوں کی سہولت کاری کا الزام ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ بلوچستان سے 11 لاکھ افغان مہاجرین کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔

Related posts

ملتان میں 15 سالہ بچے کو گاڑی تلے کچلنے کا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

امریکی شہریوں سے 35 ارب روپے کے فراڈ کا الزام، مرکزی ملزم فہیم اکرم گرفتار

پاکستان نے عرفات منہاس کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے دی