واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے متعلق ایک اہم سوال کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا ہے۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ اگر ایران پر حملے کا فیصلہ ان کے اختیار میں ہوتا تو کیا وہ بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جیسا فیصلہ کرتے؟
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران پر حملے کا فیصلہ صدر نے کیا تھا اور ان کی ذمہ داری امریکی صدر کے فیصلوں کی حمایت کرنا ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ ایک بار پھر ایران پر حملے کے فیصلے کا دفاع کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر انہیں دوبارہ یہی صورتحال درپیش ہوتی تو وہ پھر بھی یہی فیصلہ کرتے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ وسط مدتی کانگریسی انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کے بعد جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ جنگ کو انتخابی ناکامی کی ایک بڑی وجہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ شکست کی ایک وجہ جنگ تھی۔
صدر ٹرمپ نے جمعے کو کہا کہ وہ اپنے نائب صدر کے مؤقف سے ناخوش نہیں، تاہم ان کے خیال میں وینس کو ایران پر حملے کے فیصلے کی زیادہ واضح حمایت کرتے ہوئے کہنا چاہیے تھا کہ وہ بھی یہی فیصلہ کرتے۔
جب جے ڈی وینس سے پوچھا گیا کہ کیا ریپبلکنز کی انتخابی شکست کے باوجود ایران کے خلاف جنگ درست فیصلہ تھا تو انہوں نے کارروائی کی حمایت یا مخالفت میں براہِ راست جواب نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا امریکا کا اہم مقصد ہے۔
وینس نے ایک بار پھر کہا کہ جنگ شروع کرنے کا اختیار صدر کے پاس ہوتا ہے اور نائب صدر کی ذمہ داری صدر کے فیصلوں کی حمایت کرنا ہے۔
جے ڈی وینس حالیہ مہینوں میں ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے کے لیے امریکی سفارتی کوششوں میں بھی اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں، تاہم انتخابی تنقید کے بعد صدر ٹرمپ نے انہیں امریکا کے اندرونی معاملات پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے۔