واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں اگر کانگریس کے ڈیموکریٹک ارکان نے مداخلت کرکے فوجی کارروائیوں کو روکنے کی کوشش کی تو امریکا کی حاصل کردہ کامیابی شکست میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف فوجی مہم کے اخراجات جنوری کے آخر تک پورے ہیں، تاہم کانگریس کا کنٹرول ڈیموکریٹس کے پاس جانے کی صورت میں ان کے عسکری اختیارات محدود ہو سکتے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاعی نظام اور قیادت ختم ہو چکی ہے۔ امریکا جب چاہے جنگ ختم کر سکتا ہے، لیکن اگر ڈیموکریٹس نے فوجی کارروائیوں میں مداخلت کی تو وہ ایک مکمل فتح کو شکست میں بدل دیں گے۔
فوجی کارروائیوں کے لیے وقت اور فنڈز کی دستیابی سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے واضح کیا کہ جنوری کے آخر تک جنگی مہم جاری رکھنے کے لیے مالی وسائل مکمل طور پر دستیاب ہیں۔
ایران میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ یہ امریکا کا مقصد نہیں ہے بلکہ واشنگٹن کا واحد ہدف ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہے۔