اسلام آباد (پاک ٹوڈے): سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے تناظر میں پاکستانی عوام سے اڈیالہ جیل کے قریب مارچ یا احتجاج کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
قاسم خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ انہیں اپنے ذرائع سے اطلاعات ملی ہیں کہ اڈیالہ جیل کے قریب کسی اجتماع کو وہاں ممکنہ ’’جوابی کارروائی‘‘ کے لیے جواز کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، جہاں ان کے والد زیر حراست ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی کسی بھی صورتحال میں عمران خان کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے، اس لیے عوام احتیاط اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور کسی کو ایسا جواز یا موقع فراہم نہ کریں جس کے نتیجے میں کوئی ایسا واقعہ پیش آئے جو ان کے والد کی جان کے لیے خطرہ بن جائے۔
پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کے حق میں 27 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رینجرز کی خدمات بھی طلب کی گئی ہیں۔
دوسری جانب عمران خان کی تینوں بہنوں سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو زیر حراست لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
قاسم خان اس سے قبل مختلف بین الاقوامی میڈیا اداروں کو دیے گئے انٹرویوز میں بھی اپنے والد کی صحت سے متعلق خدشات اور تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔
دوسری جانب حکومت کا مؤقف ہے کہ عمران خان کو جیل میں علاج کی مکمل سہولیات میسر ہیں اور ان کا باقاعدگی سے طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔
