واشنگٹن (پاک ٹوڈے): امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ ٹیکساس کے فوجی اڈے فورٹ ہڈ میں 2009 میں فائرنگ کے واقعے کے مجرم قرار دیے گئے سابق امریکی فوجی میجر ندال ملک حسن کو دی جانے والی سزائے موت کی کارروائی 3 دسمبر کو براہِ راست نشر کی جائے گی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق پینٹاگون کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی جانب سے پھانسی کی کارروائی عوام کے سامنے لانے سے متعلق بیان درست ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
ندال ملک حسن نے نومبر 2009 میں ٹیکساس کے فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 13 امریکی فوجی ہلاک اور 32 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کے وقت حسن کی افغانستان میں تعیناتی متوقع تھی۔
رپورٹ کے مطابق گرفتاری کے دوران پولیس کی فائرنگ سے حسن جزوی طور پر مفلوج ہوگئے تھے اور بعد ازاں وہیل چیئر استعمال کرنے لگے۔ اگست 2013 میں فوجی عدالت نے انہیں قتل اور اقدامِ قتل کے 45 الزامات میں مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے سابق میجر کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دینے کا حکم دیا تھا۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے بھی ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اس کارروائی کو عوام کے سامنے لانے کے ارادے کا اظہار کیا تھا، تاہم اس وقت انہوں نے طریقۂ کار کی تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔
پینٹاگون کے عہدیدار کے مطابق سزائے موت کی کارروائی 3 دسمبر کو نشر کی جائے گی۔ وزیر دفاع نے اس فیصلے کے لیے فورٹ ہڈ کے انتخاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ 2009 کا فائرنگ کا واقعہ بھی اسی مقام پر ہفتے کے اسی دن اور تقریباً اسی وقت پیش آیا تھا۔
رپورٹ میں اس اقدام کو غیر معمولی قرار دیا گیا ہے۔ تاہم براہِ راست نشریات کے انتظامات اور طریقۂ کار سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔