کابل (پاک ٹوڈے): افغان وزیر خارجہ نے سیاسی اور قیام امن سے متعلق امور کیلئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی معاون روزمیری ڈی کارلو سے ملاقات کی ہے۔
افغان وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں افغانستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون، انسانی امداد، واپس آنے والے افغان مہاجرین کی ضروریات اور معاشرے میں دوبارہ انضمام سمیت موسمیاتی تبدیلی، پانی اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
دونوں فریقوں نے دوحہ عمل کے تحت نئے مواقع اور عملی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر افغانستان سے متعلق رپورٹس اور جائزوں میں درست معلومات اور قابل اعتماد ذرائع کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کے حالیہ فضائی حملوں کے نتیجے میں شہریوں کو پہنچنے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
افغان وزیر خارجہ اور روزمیری ڈی کارلو نے افغانستان کیلئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی نئی خصوصی نمائندہ رباب فاطمہ کی آمد اور ان کے ساتھ رابطہ و تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔