بدخشان (پاک ٹوڈے) افغانستان کے صوبہ بدخشان کے پامیر میں سفر کے دوران 66 سالہ آسٹریلوی سیاح اچانک بے ہوش ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گئے۔
پامیر سیاحتی کمپنی کے حکام کے مطابق واقعہ 3 ستمبر 2026، بروز جمعرات واخان کوریڈور کی ’’چاپورا وادی‘‘ میں پیش آیا، جہاں آسٹریلوی سیاح اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیدل سفر کر رہا تھا۔
سیاح کے دوستوں کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات کے مطابق متوفی کی شناخت چارلس فیلیپ ہین کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ دریا کے قریب قائم کیمپ کی جانب پیدل جا رہا تھا کہ اچانک بے ہوش ہوگیا اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
متوفی کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر اس کی موت ہائی بلڈ پریشر کے باعث ہوئی، تاہم موت کی حتمی وجہ کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
واخان کوریڈور بدخشان کے دور افتادہ علاقوں میں واقع ہے اور اپنی بلند پہاڑیوں، دشوار گزار راستوں اور قدرتی مناظر کے باعث سیاحوں اور مہم جوؤں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔