لاہور (پاک ٹوڈے): دنیاۓ کرکٹ کے عظیم بلے باز اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا نے پاکستان کے ۱۹۹۲ء ورلڈ کپ کے فاتح کپتان اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جیل میں صحت اور علاج کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے وقار اور آزادانہ طبی امداد کی اپیل کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری کردہ پیغام میں ۵۷ سالہ برائن لارا نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں یہ بات سمجھ سے بالاتر لگتی ہے کہ عمران خان کو وہ طبی سہولیات اور احترام کیوں فراہم نہیں کیا جا رہا جس کے وہ مستحق ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی یہ اپیل کسی سیاسی وابستگی کے تحت نہیں بلکہ کرکٹ کے ایک عالمی لیجنڈ اور انسان کے بنیادی حقوق کی خاطر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جیل میں قید سابق وزیراعظم کی صحت اور علاج کی فراہمی سے متعلق تحفظات پر بین الاقوامی اور قومی سپورٹس شخصیات مسلسل تشویش ظاہر کر رہی ہیں۔ برائن لارا سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور پاکستان کے لیجنڈری بیٹسمین جاوید میانداد بھی عمران خان کو مناسب طبی سہولیات دینے کے حق میں بیانات جاری کر چکے ہیں۔