افغانستان اور بھارت کا تجارتی و سرمایہ کاری تعاون بڑھانے پر اتفاق، مشترکہ تجارتی چیمبر کی تجویز

کابل (پاک ٹوڈے): افغانستان اور بھارت نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تجارتی چیمبر قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

افغانستان کے نائب وزیر صنعت و تجارت مولوی احمداللہ زاہد نے بھارت کے دورے کے دوران بھارتی تجارتی تنظیموں فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FICCI) اور پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PHDCCI) کے عہدیداروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، افغان برآمدات میں اضافے اور کان کنی، ٹیکنالوجی، زراعت، توانائی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مولوی احمداللہ زاہد نے بھارتی سرمایہ کاروں کو افغانستان میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع، خصوصی مراعات اور انتظامی سہولیات سے آگاہ کرتے ہوئے مختلف اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اس موقع پر بھارتی سرمایہ کاروں نے بھی افغانستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔

ملاقاتوں کے دوران مشترکہ تجارتی چیمبر کے قیام کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے تاجروں کو ایک دوسرے کے ہاں منعقد ہونے والی تجارتی نمائشوں میں شرکت کی دعوت دینے پر زور دیا گیا۔

Related posts

روس میں فوجی مال بردار طیارہ گر کر تباہ، تمام 19 افراد ہلاک

امریکی حملے میں ایران کے جزیرے قشم میں دھماکے، اہم تنصیبات محفوظ رہنے کا دعویٰ

جرمنی میں افغان سفارت خانے اور قونصل خانے کے لیے 4 نئے سفارت کار نامزد