اسلام آباد (پاک ٹوڈے): اسلام آباد پولیس کے تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے نئی سوشل میڈیا پالیسی جاری کرکے فوری طور پر نافذ کردی گئی ہے۔
پالیسی کے تحت پولیس اہلکاروں کے یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور تصاویر کھنچوانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ذاتی تشہیر، شہرت یا گلیمر کے لیے پولیس یونیفارم استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ سرکاری گاڑیوں، دفاتر اور نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیوز بنانے پر محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
نئی پالیسی کے مطابق پولیس اہلکار متعلقہ اجازت کے بغیر میڈیا کو بیان نہیں دے سکیں گے، نہ ہی پبلک فورمز پر اظہار خیال یا آرٹیکل لکھ سکیں گے۔ اہلکاروں کو سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی سیاسی یا مذہبی نظریات کے اظہار سے بھی روک دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ محکمانہ یا خفیہ دستاویزات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر پابندی ہوگی۔
آئی جی اسلام آباد کی منظوری کے بعد نئی سوشل میڈیا پالیسی فوری طور پر نافذ العمل ہوگئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
