اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کے لیے دو ریاستی حل کا کوئی متبادل نہیں، گوتریش

نیویارک (پاک ٹوڈے): اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کے لیے دو ریاستی حل کا کوئی متبادل نہیں ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریش نے خبردار کیا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ضروری بنیادیں بتدریج ختم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال متعدد ممالک نے فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کیا، جس سے یہ مؤقف سامنے آیا کہ 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر دو ریاستی حل ہی فلسطینیوں، اسرائیلیوں اور پورے خطے کے لیے دیرپا امن و سلامتی کا راستہ ہے۔

گوتریش نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں بستیوں کی توسیع تیز ہو رہی ہے جبکہ آبادکاروں کے تشدد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے مکانات کی مسماری، بے دخلی، نقل مکانی اور زمینوں پر قبضے سمیت دیگر اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان سے فلسطینی خاندان اپنے گھروں اور زمینوں سے محروم ہو رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یروشلم کے مشرق میں اسرائیل کے ای ون سیٹلمنٹ منصوبے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس پر پیش رفت ایک مربوط اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کے امکان کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔

غزہ کی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ تباہی اور مایوسی میں گھرے خاندانوں کے لیے بہتر مستقبل کے وعدے اس وقت تک بے معنی ہیں جب تک زمینی صورتحال میں حقیقی تبدیلی نہیں آتی، جبکہ غزہ سے متعلق امن منصوبے پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے۔

گوتریش نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی بستیوں کی توسیع روکنے، الحاق کی کوششوں کو ناکام بنانے، فلسطینی اداروں کی حمایت اور قبضے کے خاتمے کے لیے قابل اعتماد سیاسی عمل آگے بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ مقصد اسرائیل اور فلسطین پر مشتمل دو آزاد، خودمختار اور جمہوری ریاستوں کا قیام ہے جو 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر تسلیم شدہ اور محفوظ سرحدوں کے اندر امن و سلامتی کے ساتھ رہیں، جبکہ یروشلم دونوں ریاستوں کا دارالحکومت ہو۔

Related posts

افغانستان عالمی برادری کے ایجنڈے میں سرفہرست رہے، قطری وزیر خارجہ

دنیا میں تنازعات اور طاقت کا عدم توازن بڑھ رہا ہے، انتونیو گوتریس

ٹرمپ کا ایران کو ایٹمی ہتھیاروں سے روکنے کا عزم، کیوبا پر بھی فوجی طاقت کا اشارہ