دوحہ (پاک ٹوڈے): قطر نے کہا ہے کہ افغانستان کو عالمی برادری کے ایجنڈے میں سرفہرست رہنا چاہیے اور افغان عوام کے مسائل کے حل کے لیے سفارتی کوششوں اور انسانی امداد میں اضافہ کیا جائے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قطر کے وزیر خارجہ کے نمائندے محمد بن عبداللہ العطیہ نے کہا کہ او آئی سی کو افغانستان کے معاملے پر مشترکہ کوششیں جاری رکھتے ہوئے افغان عوام کے لیے سچائی اور حمایت کے ساتھ آواز بلند کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ انسانی امداد میں بھی اضافہ ضروری ہے۔
قطری نمائندے نے اقوام متحدہ کی قیادت میں جاری دوحہ عمل کو جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قطر افغانستان اور عالمی برادری کے درمیان تعمیری روابط کی حمایت کرتا ہے۔