اسلام آباد (پاک ٹو ڈے): سائبر فراڈ اور گمراہ کن پیغامات کی روک تھام کے لیے میسجنگ ایپ ‘واٹس ایپ’ نے ایک نیا حفاظتی ٹول ‘اسکام الرٹ’ متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اس فیچر کے ذریعے نامعلوم نمبرز سے موصول ہونے والے مشکوک پیغامات کے حوالے سے صارفین کو فوری خبردار کیا جائے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے تازہ ترین بیٹا (Beta) ورژن میں پیش کر دیا گیا ہے۔ نیا سیکیورٹی ڈیوائس کسی بھی غیر متعلقہ یا نامعلوم اکاؤنٹ سے پیغام ملنے پر براہ راست چیٹ ونڈو کے اندر ایک انتباہ جاری کرے گا، جس کی روشنی میں صارف پیغام کا جواب دینے، بلاک کرنے یا رپورٹ کرنے کا فیصلہ کر سکے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر چیٹ میں خودکار طور پر کوئی رکاوٹ تو پیدا نہیں کرے گا، تاہم ممکنہ سیکیورٹی خدشات کا باریک بینی سے تجزیہ کر کے صارف کو فیصلہ سازی میں مدد فراہم کرے گا۔ یہ فیچر ’بائی ڈیفالٹ‘ فعال نہیں ہوگا بلکہ صارفین کو خود واٹس ایپ سیٹنگز میں ‘اکاؤنٹ’ کے آپشن پر جا کر اسے ’ان ایبل‘ کرنا پڑے گا۔
پرائیویسی کے حوالے سے پیرنٹ کمپنی میٹا کا کہنا ہے کہ اس انتباہی نظام کے لیے اسمارٹ فون کے اندرونی ‘مشین لرننگ ماڈل’ کو استعمال کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پیغامات کا تمام تر تجزیہ صارف کے اپنے ہینڈ سیٹ پر ہی ہوگا اور ڈیٹا کمپنی کے سرورز پر منتقل نہیں کیا جائے گا، جس سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا معیار مکمل طور پر محفوظ رہے گا۔ فی الوقت بیٹا ٹیسٹنگ میں موجود یہ فیچر عنقریب تمام عام صارفین کے لیے جاری کیے جانے کا امکان ہے۔