اسلام آباد (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرٹیکل 58 ٹو بی کو دوبارہ زندہ کر دیا گیا ہے، جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جمہوریت میں کسی منتخب حکومت کو اس طرح برخاست نہیں کیا جاتا۔ ان کے بقول ایمرجنسی کے نفاذ سے جمہوریت اور صوبائی خودمختاری کو نقصان پہنچے گا، جبکہ دہشت گردی کے خلاف حکومتی مؤقف بھی نظرانداز ہوگا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر حالات کی بنیاد پر ایمرجنسی نافذ کرنا ضروری ہے تو پھر کچے کے علاقے میں بھی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔
بیرسٹر گوہر نے الزام عائد کیا کہ حکومتی اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جمہوریت کو اہمیت نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پہلے ہی صوبائی حکومت کے اختیارات محدود کر دیے گئے تھے اور اب صورتحال محض رسمی کارروائی تک رہ گئی ہے۔
انہوں نے ماضی میں سندھ اور پنجاب میں رینجرز کی تعیناتی پر پاکستان پیپلز پارٹی کے تحفظات کا بھی حوالہ دیا۔
