پشاور (پاک ٹوڈے): ہیڈکوارٹرز فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ، قلعہ بالاحصار پشاور میں آئی جی ایف سی کے پی نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے اے آر ڈی کونسل کے اراکین اور قبائلی مشران کے ساتھ جرگہ کیا۔
جرگے میں خیبر، مہمند اور باجوڑ کے ڈپٹی کمشنرز، نو تشکیل شدہ اے آر ڈی کونسل کے اراکین اور مختلف علاقوں کے ملکان و مشران نے شرکت کی۔
اس موقع پر میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے کونسل کے نومنتخب اراکین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نئے انتظامی سیٹ اپ میں ان کا کردار اہم ہے اور ان پر علاقے میں امن و استحکام کے قیام اور ترقی کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔
انہوں نے کونسل اراکین اور قبائلی مشران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں اور علاقے میں امن و امان کی بہتری، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔