راولپنڈی (پاک ٹوڈے): پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل میں خصوصی میڈیکل ٹیم نے طبی معائنہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے اسلام آباد کے پمز اور پولی کلینک اسپتالوں کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ٹیم جیل پہنچی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طبی ٹیم میں ڈاکٹر محمد علی اور ڈاکٹر عارف شامل تھے۔ جیل انتظامیہ کی نگرانی میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کا الگ الگ طبی معائنہ کیا گیا، جبکہ اس دوران دونوں کی ملاقات کروائے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق معائنے کے دوران بلڈ پریشر اور دیگر بنیادی طبی علامات کی جانچ کی گئی، جبکہ ضروری ٹیسٹوں کے لیے نمونے بھی حاصل کیے گئے۔ طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد ٹیم واپس اسلام آباد روانہ ہوگئی۔
واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے ان کے وکلا اور اہل خانہ کی جانب سے خدشات ظاہر کیے جاتے رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق آج کا معائنہ عدالتی احکامات اور معمول کے طبی فالو اپ کا حصہ تھا۔
