تہران (پاک ٹوڈے): ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے جنوبی ساحلی شہر بندر عباس کے قریب امریکی ساختہ لوکاس طرز کا ڈرون مار گرایا ہے۔
ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فوجی بیان میں کہا گیا کہ جنوب مشرقی ایران میں فضائی دفاعی یونٹس نے حاجی آباد کے قریب ڈرون کی شناخت کے بعد اسے تباہ کیا۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب دفاعی یونٹس ملکی فضائی حدود کے تحفظ اور حملوں کا جواب دینے میں مصروف تھے۔
دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ نے ہمسایہ ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین یا تنصیبات امریکا یا کسی دوسرے فریق کو ایران پر حملوں کے لیے استعمال نہ کرنے دیں۔ وزارت کے مطابق ایران پر حملوں کے لیے استعمال ہونے والے مقامات اور لانچنگ پوائنٹس کو نشانہ بنایا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر ممکنہ حملے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اس بارے میں غور کر رہا ہے اور ممکن ہے کہ اگلے ہی روز کارروائی کر دی جائے۔
امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششیں بھی جاری رہی ہیں، تاہم آبنائے ہرمز میں آزادانہ جہاز رانی سمیت دیگر معاملات پر اختلافات کے باعث مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہوا۔
