پشاور (پاک ٹوڈے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف یوٹیوبرز کی مہم سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں، بلکہ اس مہم کے باعث تحریک انصاف کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہمیشہ پاک فوج کو اپنی فوج قرار دیا ہے اور ان کے اس بیانیے کے علاوہ کوئی دوسرا بیانیہ نہیں چلے گا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پارٹی بیرون ملک بیٹھے سوشل میڈیا صارفین یا یوٹیوبرز کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی بانی چیئرمین کے مؤقف پر قائم ہے اور اداروں کے خلاف مہم کو پارٹی پالیسی سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔
شوکت یوسفزئی نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کو جواز بنا کر ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات بلاجواز ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی پر سہولت کاری کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے اعتراف کیا کہ مؤثر حکمت عملی نہ ہونے کے باعث ہر تحریک کے بعد پارٹی کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں پارٹی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی بھی مذمت کی۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ انہیں بیرسٹر گوہر علی خان اور سلمان اکرم راجہ پر اعتماد ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان تک رسائی دی جائے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے۔
انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی باہر بیٹھے کسی سوشل میڈیا صارف یا یوٹیوبر کے دباؤ میں نہیں آئے گی اور اپنے سیاسی فیصلے کسی غیر متعلقہ دباؤ کے تحت نہیں کرے گی۔
