پشاور (پاک ٹوڈے): وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شدت پسندی کے مکمل خاتمے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورت حال اور امن و امان سے متعلق تازہ پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، عطا اللہ تارڑ، امیر مقام اور رانا ثناء اللہ کے علاوہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور کور کمانڈر پشاور نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مسلح افواج، پولیس اور عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آخری شدت پسند کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور جوانوں و افسران کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ خیبر پختونخوا میں پولیس، سیف سٹیز منصوبوں اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
