کابل (پاک ٹوڈے): افغانستان کے صوبوں قندھار، پروان اور فراح میں پیش آنے والے تین مختلف ٹریفک حادثات میں کم از کم 13 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے، جبکہ پروان میں دریا میں گرنے والی گاڑی میں سوار دو بچے تاحال لاپتا ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق قندھار میں کابل-قندھار شاہراہ پر ضلع دامان کے علاقے اعظم قلعہ میں مسافر بس نمبر 805 ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسرا حادثہ صوبہ پروان کے ضلع شینواری کے گاؤں باغ افغان میں پیش آیا، جہاں ایک سراچہ گاڑی بے قابو ہوکر سڑک سے اترتے ہوئے دریا میں جا گری۔ حکام کے مطابق حادثے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ چار افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جن میں گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل ہے، جبکہ دو بچوں کی تلاش جاری ہے۔
تیسرا حادثہ صوبہ فراح کے علاقے شمال گاہ میں پیش آیا، جہاں مال بردار گاڑی اور لیکسس کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق افغانستان میں ٹریفک حادثات کی اہم وجوہات میں تیز رفتاری، خطرناک انداز میں اوورٹیکنگ، بھاری گاڑیوں کی آمدورفت، گاڑیوں کی خستہ حالی اور سڑکوں پر حفاظتی انتظامات اور علامات کی کمی شامل ہیں۔
