کوئٹہ (پاک ٹوڈے): کوئٹہ کے علاقے نواکلی، زرغون آباد فیز تھری میں پاک فوج کا ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار پائلٹ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق تربیتی طیارے نے خالد ایئر بیس سے اڑان بھری تھی اور کچھ دیر بعد آبادی کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والے پائلٹ کی میت ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ منتقل کردی گئی ہے، جبکہ طیارے کا ملبہ تاحال جائے حادثہ پر موجود ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارہ گرنے سے عام آبادی میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حادثے کی وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
