لاہور (پاک ٹوڈے): لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی زیرِ حراست بہنوں علیمہ خان، نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو ادویات، کپڑوں اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے۔
جسٹس ابہر گل خان نے جمعہ کو علیمہ خان کے بیٹے شازیر خان اور نورین نیازی کی بیٹی سکینہ نیازی کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواستوں میں ادویات کی عدم فراہمی اور اہلِ خانہ و وکلا سے ملاقاتوں میں مبینہ رکاوٹوں کا معاملہ اٹھایا گیا تھا۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل رانا مدثر عمر نے مؤقف اختیار کیا کہ حراست کے 19 روز گزرنے کے باوجود تینوں بہنوں کو ادویات اور کپڑے فراہم نہیں کیے گئے۔ اس پر عدالت کو بتایا گیا کہ علیمہ خان کو کپڑے اور ادویات مل چکی ہیں، تاہم ان کے وکیل کے مطابق یہ سہولت عدالتی احکامات کے بعد فراہم کی گئی۔
وکیل نے استدعا کی کہ نورین نیازی سمیت تینوں بہنوں کو ادویات، کپڑے، کتابیں اور کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے۔ جسٹس ابہر گل خان نے واضح کیا کہ جیل میں صرف وہی اشیا بھیجی جا سکیں گی جن کی عدالت اجازت دے گی، جبکہ مطلوبہ سامان کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے درخواستوں پر جیل سپرنٹنڈنٹ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے قرار دیا کہ عمران خان کی بہنوں کی احتیاطی حراست کے خلاف مرکزی درخواست کی سماعت ادویات اور کپڑوں کی فراہمی کے معاملے کے بعد کی جائے گی۔
