اسلام آباد (پاک ٹوڈے): بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے کہا ہے کہ ان کی پھوپھیاں بدستور حراست میں ہیں، تاہم خاندان اور وکلا کو نہ ان کی خیریت سے متعلق کوئی معلومات دی گئی ہیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ انہیں کس وجہ سے حراست میں رکھا گیا ہے۔
قاسم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے والد عمران خان کے معاملے پر بھی مکمل خاموشی ہے، جبکہ وہ اور ان کے بھائی گزشتہ چھ ماہ سے زائد عرصے سے ان سے رابطہ نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں عمران خان کی صحت کی اصل صورتحال کا بھی علم نہیں ہے۔
قاسم خان کے مطابق ہزاروں پاکستانی عمران خان کی قید کے خلاف پرامن احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمت نہیں ہاری اور کوئی رکاوٹ، دھمکی یا جبر انصاف کے مطالبے اور جمہوری حقِ اظہار کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک عوام کی جمہوری خواہش کو دبایا جائے گا اور ان کے منتخب رہنما جیل میں رہیں گے، اس وقت تک پائیدار امن اور استحکام قائم نہیں ہوسکتا۔
