اسلام آباد (پاک ٹوڈے): ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
فوکل پرسن ینگ انجینئرنگ کونسل عثمان فاروق کے مطابق سسٹم سے متعدد پاور ہاؤسز نکل گئے ہیں جن کی 16 اکتوبر تک بحالی متوقع ہے۔ پاور ہاؤسز کی بندش کے باعث بجلی کے شارٹ فال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور لیسکو سمیت تمام ڈسکوز میں صورتحال ابتر ہوگئی ہے۔
عثمان فاروق کا کہنا ہے کہ بجلی کے شارٹ فال کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 3 سے 4 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ گیس کے بعد ڈیزل اور پانی سے بجلی کی پیداوار میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
دوسری جانب لیسکو ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے، جس کے نتیجے میں بعض علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو چیف کی جانب سے بجلی کا کوٹا بڑھانے کی درخواست کے باوجود کوٹے میں اضافہ نہیں کیا جاسکا، جس کے باعث سسٹم کو شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ ذرائع نے آئندہ چند روز کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
