کراچی (پاک ٹوڈے): وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ سفر کی آڑ میں غیر قانونی ذرائع سے آسٹریلیا جانے کی مبینہ کوشش ناکام بنا دی۔
امیگریشن حکام کے مطابق سعودی عرب کے عمرہ ویزوں پر سفر کرنے والے 3 پاکستانی مسافروں کے مشکوک رویے پر انہیں مزید جانچ پڑتال کے لیے روک لیا گیا۔ مسافروں کی شناخت ندیم اقبال، شہزاد علی اور سمر شہزاد کے نام سے ہوئی، جن کا تعلق حافظ آباد اور سرگودھا سے بتایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مسافروں کے سفری دستاویزات اور موبائل فونز کی جانچ کے دوران ان کے پاس بحرین کے وزٹ ویزے اور جمہوریہ پلاؤ کے ویزے بھی موجود پائے گئے۔
تفتیش کے دوران مسافروں نے بتایا کہ ان کا منصوبہ سعودی عرب میں تقریباً 3 روز قیام کے بعد بحرین اور پھر جمہوریہ پلاؤ جانے کا تھا، جہاں سے مبینہ طور پر آسٹریلیا پہنچنے کی کوشش کی جانی تھی۔
مسافروں کے مطابق ملتان سے تعلق رکھنے والے ایک ایجنٹ نعیم مرشد نے مبینہ طور پر فی مسافر 25 لاکھ روپے کے عوض ویزوں اور سفری انتظامات کا بندوبست کیا تھا۔
