راولپنڈی (پاک ٹوڈے): افغانستان میں امریکہ کی 20 سالہ جنگ کا جائزہ لینے والے امریکی وفد نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران افغانستان کے تنازع، علاقائی سلامتی اور جنگ کے دوران پاکستان کے کردار سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی وفد نے افغانستان میں جاری رہنے والے تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور اس کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
ملاقات میں افغانستان کی جنگ کے دوران پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز، علاقائی امن و استحکام اور تنازع کے اثرات سے متعلق مختلف امور بھی زیر بحث آئے۔
افغانستان میں امریکی جنگ کا جائزہ لینے والا کمیشن امریکی کانگریس کی جانب سے قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد افغانستان میں جون 2001 سے اگست 2021 تک جاری رہنے والی امریکی جنگ کے دوران اہم فیصلوں اور پالیسیوں کا جائزہ لینا ہے۔
