اسلام آباد (پاک ٹوڈے): وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف دھرنوں سے بھاگ گئی ہے، اگر ہمت ہے تو لانگ مارچ کے لیے آئے۔
ایک بیان میں عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ شدت پسندوں کی سہولت کاری پی ٹی آئی کی پالیسی کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ٹی ٹی پی کی بی ٹیم اور ٹی ٹی اے کی سی ٹیم ہے۔
عطا تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ کم اور کالعدم جماعت کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی شدت پسندوں سے ہاتھ ملاتی اور ان کی سہولت کاری کرتی ہے، جبکہ خود کو سیاسی جماعت قرار دیتی ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت سے شدت پسندوں کی مبینہ سہولت کاری سے باز رہنے کا مطالبہ کیا۔
