پشاور (پاک ٹوڈے): انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جہاں پولیس نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، تیمور سلیم جھگڑا، عرفان سلیم اور دیگر کو کیس میں ملزمان نامزد کرتے ہوئے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کیس کی رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے، جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد نے پولیس کو ہدایت کی کہ کیس کا چالان بھی عدالت میں جمع کرایا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ باقی ملزمان کو گرفتار کرنا یا نہ کرنا پولیس کا معاملہ ہے۔ تفتیشی افسر نے چالان جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ مہلت ملنے پر چالان بھی عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔
عدالت نے کیس کی مزید کارروائی آئندہ سماعت تک ملتوی کر دی۔
